یوگیندر یادونے عام آدمی پارٹی کی سرکارکی پول کھولی،اسکولوں کی بدحالی پرآئینہ دکھایا
نئی دہلی21جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کی آپ حکومت کے تعلیم سے متعلق دعووں پر سوراج انڈیا کے صدر یوگیندر یادو نے ہفتہ کو کرارا حملہ کیاہے۔دہلی میں چل رہی’’جواب دوحساب دو‘‘مہم کے تحت یادو نے دہلی حکومت سے گیسٹ ٹیچرس کے سلسلے میں کئے گئے وعدوں اورعمل کاحساب مانگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں بہتری سے متعلق آپ حکومت کے سارے دعوے فرضی ہیں۔ان کاحقیقت سے کوئی لینادینانہیں ہے۔یادونے کہاکہ دہلی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت کے اسکولوں میں اساتذہ کے تقریباََنصف عہدے خالی پڑے ہیں۔دسمبر 2016میں حکومت کی طرف سے دہلی ہائی کورٹ میں دائرایفی ڈیوٹ کے مطابق59409اساتذہ کے مقام پر صرف33569اساتذہ کی مستقل طور پر بحالی کی گئی ہے۔جبکہ عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں لکھ کر یہ وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنتے ہی گیسٹ ٹیچرس کو باقاعدہ کر دیا جائے گا لیکن گیسٹ ٹیچرس کومستقل کرنا تو دور محکمہ تعلیم میں 20ماہ سے کوئی بھی مستقل ویکنیسی نہیں نکلی ہے۔یادونے کہا کہ جس عام آدمی پارٹی نے اپنے منشور میں ٹھیکہ رواج بند کرنے کی بات کہی تھی، اس نے حکومت بننے کے بعد صرف اور صرف ٹھیکے پرہی تقرریاں کیں۔ایسے وقت میں جبکہ بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار گھوم رہے ہیں یا عارضی کاموں سے گزارا چلا رہے ہیں، دہلی حکومت ریٹائرڈملازمین کو ملانے دے کر انہیں نوکری دینے میں لگی ہے، وہ بھی مستقل تنخواہ میں۔دہلی کے ماتحت سروس سلیکشن بورڈکے سست طریقہ کار کی وجہ سے 10سال کے اشتہار بھی رکے پڑے ہیں۔اتنا ہی نہیں سپریم کورٹ کے حکم کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔اور تو اور دہلی میں اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی اب پنجاب میں یکساں تنخواہ دینے کا وعدہ کر آئی ہے۔یوگیندریادو نے الزام لگایا کہ عام آدمی کے ساتھ رہنے کا دعویٰ کرنے والی اب آپ اصولوں سے بھٹک گئی ہے۔پارٹی پرائیویٹ لوگوں کے مفادات کی پرورش کرنے کیلئے عام آدمی کا ساتھ چھوڑ رہی ہے۔